عرض ناشر
اللہ جل شانہ کی توحید کا اقرار اور قلب و روح کی گہرائیوں سے اس پر ایمان لانا ہر مسلمان کا فریضہ اولیں ہے ۔ تخلیق کائنات اور بالخصوص اشرف المخلوقات بنی نوع انسان کی تخلیق کا مقصد اولی بھی یہی ہے کہ خدائے واحد کی حاکمیت مخلوق کے ذریعے تسلیم کروائی جائے، گو کہ اللہ وحدہ لاشریک کو قطعی اس کی احتیاج نہیں ہے۔ تاہم یہ فرض بندے پر عائد کیا گیا ہے کہ وہ ہر لمحہ صرف اللہ ہی کا
عبادت گزار ہو اور اسی کو اپنا معبود تصور کرے۔ دنیا میں پیغمبروں کا نزول بھی اسی مقصد کے تحت ہوا حتی کہ خاتم النبیین حضرت محمد صلى الله عليه وسلم کی بعثت کا مقصود اول بھی اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو قائم کرنا اور انسانوں کے خود ساختہ معبودوں کو پاش پاش کرنا تھا۔ غیر اللہ کی عبادت کا تصور عقیدہ توحید کو دھندلا دیتا ہے اور انسان کے ایمان و ایقان کو کفر کی پستیوں میں دھکیل دیتا ہے۔ خدا کی وحدانیت مسلمان کے لیے ایک ایسا آئینہ شفاف ہے جو بدعات و شرک کی ذرا سی گرد کا بھی متحمل نہیں ہو سکتا۔ لیکن افسوس صد افسوس کہ آج مسلمانوں کی ایک کثیر جماعت کا آئینہ توحید شرک و بدعات کے غبار سے آلودہ ہے اور وہ اسی کو اپنے لیے ہدایت کا سرچشمہ مقصور کرتی ہے۔
تاہم یہ خوشگوار امر ہے کہ علمائے حق نے ہمیشہ شرک و بدعات کے خلاف جہاد کیا اور کتاب و سنت کی روشنی میں دین حق کی توضیح تصریح فرمائی۔ انہی علمائے حق میں سے سیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن باز کا نام بھی ایک اہم حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے عقیدہ توحید اور شرک و بدعت کے درمیان حد فاصل قائم کرتے ہوئے کتاب الله اور سنت رسول اللہ کی روشنی میں دین ھدی کی تشریح و ترجمانی کی اور اس سلسلے میں انہوں نے تین رسالوں پر مشتمل مجموعه اقامة البراهين عربی زبان میں تحریر فرمایا۔
مکتبہ دارالسلام اپنی سابقہ روایت کے پیش نظر مجموعه هذا کا اردو ترجمہ شائع کر رہا ہے، اس ادعا کے تحت کہ اس کے مطالعے سے ہمارے مسلمان بھائی دین اسلام کے راست عقائد کی تقسیم میں بھر پورمدد حاصل کر سکیں گے۔ انشاء اللہ العزیز
خادم کتاب و سنت
(عبدالمالک مجاہد (مدیر مسئول






Reviews
There are no reviews yet.