نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت

845.00

عبدالمالک مجاہد | دارالسلام

یہ کتاب علماء یا اعلی تعلیم یافتہ لوگوں کے لیے نہیں لکھی گئی، بلکہ ہمارے سکولوں، کالجوں اور یو نیورسٹی کے ان طلبہ وطالبات کے لیے لکھی گئی ہے جو آپ ﷺ کی مبارک زندگی کو مختصر طور پر پڑھنا چاہتے ہیں

5 in stock

دار السلام نے اللہ تعالی کے فضل و کرم اور اس کی توفیق سے اب تک آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلووں پر دنیا کی مختلف زبانوں میں 60 سے زیادہ کتابیں شائع کرنے کا شرف حاصل کیا ہے۔

آپ کے ہاتھ میں یہ کتاب  آسان سنہری سیرت ﷺ ہے جو اللہ کے فضل و کرم سے بطور خاص نوجوان نسل کے لیے لکھی گئی ہے۔ بلاشبہ یہ بڑا مشکل اور نازک کام تھا، جو اللہ نے اپنے خاص فضل و کرم سے میرے لیے آسان بنا دیا۔ میں نے جب لکھنا شروع کیا تو آغاز میں کچھ دقت پیش آئی مگر پھر قلم میں روانی آتی چلی گئی۔ راقم نے سیرت کی اس کتاب کو لکھنے کے لیے مختلف مستند کتب سیرت کو بنیاد بنایا ہے۔ میرے اوپر اللہ تعالی کے بے شمار احسانات اور اس کی کرمنوازیاں ہیں، مگر 2006 میں اللہ تعالی نے مجھ پر ایک خاص کرم نوازی فرمائی اور میں نے جدہ سے شائع ہونے والے ہفتہ وار اردو میگزین میں سیرت نبوی کے اوراق کے نام سے کالم لکھنا شروع کیا۔ یہ کالم بھی عامتہ الناس کے لیے تھا خواص اور علمائے کرام کے لیے نہیں تھا۔ اللہ کی توفیق سے میں نے اردو میگزین میں سیرت پاک پر کم و بیش 159 کالم لکھے تھے۔ گویا یہ سلسلہ تین سال تک تسلسل سے چلتا رہا۔ اس دوران مجھے سیرت کی بہت ساری کتب کے مطالعہ کا موقع ملا، بلکہ اس عرصے میں زیادہ تر اوقات میں سیرت پاک ہی کا مطالعہ ہوتا رہا۔ زیر نظر کتاب کی تالیف کے دوران میں یہ مطالعہ اور کالم نگاری خوب کام آئی۔

میں نے کوشش کی ہے کہ اس کتاب میں کوئی بھی مشکل لفظ استعمال نہ کروں ۔ اسلوب کسی حد تک کہانی کا ہے تاکہ نوجوان اسے لطف لے لے کر پڑھیں ۔ اللہ کے رسول ﷺ کی سیرت کے بارے میں اتناہی جان لینا کافی ہے کہ ہر چند کہ اس وقت تک اردو زبان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 2000 سے زائد کتابیں سیرت کے حوالے سے لکھی جاچکی ہیں، مگر اس سب کچھ کے باوجود اگر یہ کہا جائے کہ سیرت نگاروں نے سیرت کا حق ادا کر دیا ہے تو یہ ناممکن ہے۔ آپ ﷺ کی شان و عظمت کے بارے میں اتنا ہی کہوں گا کہ لَا يُمْكِنُ الثَّنَاءُ كَمَا كَانَ حَقُهُ

حقیقت یہ ہے اللہ کے رسول ﷺ کی سیرت کے حوالے سے ہم پر بہت زیادہ ذمہ داریاں ہیں ۔ یہ آپ ﷺ کا اپنی امت پر حق ہے کہ آپ کی سیرت کو خوب کھول کھول کر بیان کیا جائے اور اسے وسیع پیمانے پرنشر کیا جائے۔ میں نے کوشش کی ہے کہ اس کتاب میں جو بھی واقعات لکھوں وہ صحیح اور ثابت شدہ ہوں اور اصل مصادر سے لیے گئے ہوں ۔

میں دار السلام کی ٹیم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس عظیم کام میں میرا ہاتھ بٹایا ہے۔ خاص طور پر میں قاری محمد اقبال عبد العزیز صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری اس کتاب کو پڑھا اس میں زبان وبیان کی بعض تبدیلیاں بھی کیں۔ اچھے مشورے دیے جن پر عمل کرنے کے بعد ان شاء اللہ یہ کتاب عامتہ السلمین کے لیے مفید بن گئی ہے

کتاب جب تیار ہوگئی تو میں نے اس کو دار السلام لا ہور برانچ کے سپر د کیا کہ اس کی تخریج اور مراجعہ کر دیا جائے۔ اللہ تعالی لاہور کے مرکز علمی کے علمائے کرام کو جزائے خیر عطا فرمائے کہ انہوں نے بھی بھر پور طریقے اس کتاب پر محنت کی ۔ کتاب جب تیار ہوگئی بلکہ اس کی ڈیزائنگ بھی شروع ہوگئی تو اللہ تعالی نے اس کی صحیح اور مراجعے کا ایک نیا طریقہ ذہن میں ڈالا کہ محترم قاری محمد اقبال صاحب اس کی فائل کمپیوٹر پر کھول کر بیٹھ جاتے اور ہم دونوں مل کر اس کی ایک ایک سطر کو پڑھتے، جہاں ہمیں محسوس ہوتا کہ یہ لفظ قارئین کے لیے مشکل ہے یا اس کو پڑھنے پر ذہن میں کوئی سوال پیدا ہو سکتا ہے، وہاں ہم نے باہمی مشورے سے اسے آسان بنادیا اور ممکنہ سوال کا جواب بھی فراہم کر دیا۔ پھر ہم نے سوچا کہ کتنے ہی الفاظ ایسے ہیں جن کے تلفظ کی ادائیگی میں قارئین غلطی کر سکتے ہیں، تو محترم قاری محمد اقبال صاحب نے ان تمام الفاظ پر اعراب لگا دیے۔ ہر چند کہ کتاب ہم نے متعدد بار پڑھی لیکن پھر بھی ہم نے سوچا کہ ایک تیسری رائے بھی آنی چاہیے اور اس کے لیے محترم جناب پروفیسرمحمد ذوالفقار صاحب سے گزارش کی کہ وہ اس کو شروع سے آخر تک دقّت نظر سے پڑھیں تا کہ اگر اس کتاب میں کوئی موضوع یا ضعیف واقعہ شامل ہو گیا ہو تو اس کی اصلاح کر دیں۔ اب میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس پوری کتاب میں ان شاء اللہ تمام واقعات مستند اور صحیح ہیں اور انہیں سیرت کی معتمد کتب ہی سے نقل کیا گیا ہے۔ قرآنی آیات، احادیث اور دیگر عربی عبارات کے ترجمہ کولفظی ترجمہ کی بجائے آسان ترین با محاورہ ترجمے کی صورت میں لکھا گیا ہے۔ اللہ تعالی میرے ان معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے اور قیامت کے دن ہم سب کو اللہ کے رسول ﷺ کی شفاعت کا حقدار بنائے اور آپ ﷺ کے جھنڈے کے نیچے جگہ عطا فرمائے۔

میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہوں گا کہ یہ کتاب علماء یا اعلی تعلیم یافتہ لوگوں کے لیے نہیں لکھی گئی، بلکہ ہمارے سکولوں، کالجوں اور یو نیورسٹی کے ان طلبہ وطالبات کے لیے لکھی گئی ہے جو آپ ﷺ کی مبارک زندگی کو مختصر طور پر پڑھنا چاہتے ہیں۔ اگر اس کتاب میں کوئی خوبی اور عمدگی ہے تو یہ محض اللہ کے فضل و کرم اور اس کی مہربانی سے ہے اور اگر کوئی خامی ہے تو اس میں میرا اپنا قصور اور غلطی ہے۔ قارئین کرام اگر کسی خطا یا سہو پر اطلاع پائیں تو مجھے ضرور اس سے آگاہ فرمائیں ۔ ان شاء اللہ اگلے ایڈیشن میں اسے دور کر دیا جائے گا۔

محبکم،

عبد المالک مجاہد

Weight 0.547 kg
Dimensions 21 × 6 × 14 cm
Book Author

عبدالمالک مجاہد

Cover Type

سافٹ کئور

Pages

502

Publisher

دارالسلام

Reviews

There are no reviews yet.

Be the first to review “نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت”