پرانے زمانے کا انسان اللہ رب العزت پر ایمان تو رکھتا تھا مگر اس کا تصور باری تعالی بڑا مہم اور منفی نوعیت کا تھا۔ وہ اپنے آس پاس مچھروں کے غول دیکھتا تھا ، خونخوار درندوں کو حملہ آور پاتا تھا۔ آتش فشاں پہاڑوں کے بھڑکتے ہوئے شعلے دیکھتا تھا۔ سیلاب اُمنڈتے تھے، بھونچال آتے تھے، بادل گرجتے تھے، بجلی کڑکتی تھی اور ژالہ باری ہوتی تھی تو وہ پناہ کے لیے غاروں کی طرف بھاگتا تھا اور کم عقلی کی وجہ سے یہ سمجھتا تھا کہ ساری کائنات میرے دشمنوں سے بھری ہوئی ہے اور جس نے یہ کائنات بنائی ہے وہ بڑی خوفناک اور طاقتور ہستی ہے. اللہ تعالٰی نے یہ اور ان جیسے دیگر جاہلانہ تصورات کے خاتمے اور انسان کی رہبری کے لیے یکے بعد دیگرے بہت سے پیغمبر بھیجے اور سب سے آخر میں خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کو قیامت تک کے انسانوں کے لیے اسوۂ حسنہ بنا کر مبعوث فرمایا۔ رسالت مآب ﷺ کا سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ آپ نے عالم
انسانیت کو اللہ رب العزت کی ذات اور صفات کی معرفت کا سبق دیا۔
امام محمد بن سلیمان تمیمی کی یہ کتاب جو اسلام کیا ہے؟ کے زیر عنوان جلوہ گر ہوئی ہے، جناب رسول اللہ ﷺ کے لائے ہوئے دین کا نہایت آسان، عام فہم اور دلکش خلاصہ ہے۔ اسے معمولی اردو جاننے والے افراد بھی بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ اس کتاب میں اللہ تعالیٰ کی معرفت، عبادت کی قسمیں، دین اسلام کی معرفت، اسلام، ایمان اور احسان کے مراتب، مراحل اور مدارج وضاحت سے بتائے گئے ہیں اور آخر میں رسالت مآب حضرت محمد ﷺ کی صفات، جہات، حیثیات اور تعلیمات بیان کی گئی ہیں۔ دین قیم کو سمجھنے اور سمجھانے کے لیے یہ ننھی سی کتاب بڑی بڑی تضخیم کتابوں پر بھاری ہے۔ اسے پڑھیے، اس کے مندرجات پر عمل کیجیے اور دنیا و آخرت میں ہر طرح کی کامیابیوں سے سرفراز ہو جائیے۔
Reviews
There are no reviews yet.